چین قابل اعتماد اور آزمودہ دوست ہے، عارف علوی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے ساتھ تجارت، معیشت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین ایک قابل اعتماد اور آزمودہ دوست ہے، پاکستان چین کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے نامزد سفیر چیانگ زئے دنگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو انہیں یہاں ایوان صدر میں اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ صدر مملکت کو وینیزویلا اور کولمبیا کے (غیر رہائشی) سفرائ نے بھی اسناد سفارتکاری پیش کیں اور ان سے الگ الگ ملاقات کی۔ پاکستان میں چین کے نامزد سفیر چیانگ زئے دنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان تمام بنیادی امور پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی، منصوبے سے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، استعداد بڑھانے اور پائیدار توانائی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے تنازعہ پر اصولی موقف کی غیر متزلزل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وینزویلا کے نامزد سفیر ہوزے رافیل سلوا اپونٹے نے بھی ملاقات کی۔ 

ای پیپر دی نیشن