گوادر (نوائے وقت رپورٹ) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گزشتہ روز گوادر کا دورہ کیا۔ امریکی سفارتخانہ کے اعلامیے کے مطابق ڈونلڈ بلوم نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ عزم کا اظہار کیا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ گوادر کا دورہ بلوچستان عوام سے مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے۔ امریکہ اور بلوچستان کے درمیان کامیاب تعلقات کی طویل تاریخ ہے، گزشتہ سال 6 لاکھ 61 ہزار سیلاب متاثرین کی اعانت کی نوے ہزار بچوں کو کھانا فراہم کیا گیا۔ اکتالیس ہزار مراکز صحت کی کامیابی سے تجدید کی گئی۔ امریکی سفیر نے تجارت، سرمایہ کاری اور بلوچستان کی ترقی کیلئے اعانت کا اعادہ کیا۔ امریکی سفیر نے گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ارکان سے ملاقات کی اور کہا کہ امریکہ پاکستان میں متبادل توانائی کے حصول میں تعاون کر رہا ہے۔