لاہور قصور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) تھانہ منڈی عثمان والا کی حدود میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ سے تین افراد قتل کر دیئے گئے۔ پولیس انسپکٹر اور کانسٹیبل شدید زخمی ہو گئے۔ گزشتہ روز منڈی عثمان والا کے علاقہ میں زمین کے تنازعہ پر مبینہ فائرنگ سے پنجاب پولیس کے انسپکٹر طارق بشیر چیمہ اور ایک باوردی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی انسپکٹر اور پولیس اہلکار کی جوابی فائرنگ سے فائرنگ کرنے والے اکرم ٹونڈا، مقصود عرف صودا اور عمران موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ زخمی پولیس انسپکٹر اور اہلکار کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کردیا گیا ہے۔ انسپکٹر طارق بشیر چیمہ انویسٹی گیشن انچارج جو کہ نصیر آباد لاہور تعینات ہیں، طارق بشیر چیمہ کو پیٹ اور ٹانگوں میں گولیاں لگیں ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انسپکٹر طارق بشیر چیمہ کا مقتول پارٹی کے ساتھ عرصہ دراز سے زمین کا تنازعہ چلا آرہا تھا۔ آج دونوں پارٹیاں آمنے سامنے ہوگئیں۔ یاد رہے کہ اس علاقہ میں کئی پولیس اہلکاران نے اپنے فارم ہاﺅسز بنا رکھے ہیں۔ پولیس تھانہ منڈی عثمانوالہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ جبکہ فرانزک لیب کی ٹیم نے موقع سے ضروری شواہد اکٹھے کیے۔ ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو نے بتایا ہے کہ وقوعہ سے متعلق تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تفتیش میرٹ پر ہو گی۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریت کی ٹرالیاں گزرنے کی وجہ سے راستہ خراب ہونے پر لڑائی جھگڑے کے نتیجہ میں فائرنگ سے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اور ڈی پی او قصور کو واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فریقین کو فائرنگ سے ہلاک کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ میرٹ پر تفتیش اور بلا تفریق قانونی کارروائی کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔