کراچی: نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے وضاحت سامنے آگئی۔اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جنوری میں موضوعاتی ڈیزائن اور آئیڈیاز کے لیے آرٹ مقابلے کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کیا گیا، مقابلے کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین طریقوں کے مطابق ڈیزائن کی تیاری کے عمل میں عوام کو شامل کرنا تھا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق جمع کرائے گئے ڈیزائنوں کا جائزہ معزز ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے لیا اور فاتح انٹریز کا اعلان 5 ستمبر 2024 کو کیا گیا جب کہ مقابلے کے ان نتائج کو ذرائع ابلاغ اور بعض عوامی حلقوں نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ سے تعبیر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ نتائج کے اعلان کا مقصد محض فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا اور انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ فاتح قرار پانے والے ڈیزائنوں میں سے ایک میں مذہبی تنوع کی عکاسی کرتے ہوئے ملک میں موجود مختلف مذاہب کو اجاگر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے کچھ حلقوں نے اسے غلط طور پر ایک خاص مذہب کو نمایاں کرنے کی کوشش کے طور پر بیان کیا جب کہ آرٹ کمیٹی نے فاتح ڈیزائن کا انتخاب محض اس کے فنی معیار اور مذہبی تنوع کے موضوع کی بنیاد پر کیا. اس کا اور کوئی مقصد نہیں۔ اسٹیٹ بینک نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات واضح کی جاتی ہے کہ جن ڈیزائنوں کو فاتح قرار دیا گیا وہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں. مجوزہ نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب کردہ معروف بین الاقوامی کمپنیاں ڈیزائن کررہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک نئے ڈیزائنز کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں گی جب کہ اسٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور کردہ ڈیزائنز جنوری 2025 تک حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔اسٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی سیریز کی چھپائی کا عمل شروع کیا جائے گا۔