لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے میزبان چین کو ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دیکر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ چین میں جاری ایونت کے میچ میں پاکستان نے شروع سے ہی میزبان چین کو دباؤ میں رکھا۔ پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی ، دوسرے کوارٹر کے آٹھویں منٹ میں حنان شاہد کے پاس پر عبدالرحمٰن نے گول کرکے پاکستان ٹیم کو برتری دلائی۔تیسرے کوارٹر کے 11ویں منٹ میں ندیم احمد نے گول کرکے پاکستان کی برتری دگنی کردی۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل پاکستان کو پنالٹی سٹروک ملا لیکن کپتان عماد بٹ نے موقع ضائع کر دیا۔چوتھے کوارٹر کے شروع ہوتے ہی حنان شاہد نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو تین صفر کی برتری دلا دی۔ چین کے چینگ ہنگ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ تین ایک کردیا۔میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل ندیم احمد نے اپنا دوسرا گول کیا جبکہ میچ ختم ہونے سے 15 سیکنڈ قبل حنان شاہد بھی اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ دوسری کامیابی ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کل بھارت کے مدمقابل ہوگی۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں ۔ پاکستان نے چار میچ کھیلے ‘دو جیتے اور دو برابر کئے ۔ پوائنٹس ٹیبل پر آٹھ پوائنٹس کیساتھ دوسری پوزیشن ہے ۔