راولپنڈی(آئی این پی +نیٹ نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے پوری پارٹی تیار رہے جلد سڑکوں پر آنے کا اعلان کریں گے، پوری قوم سے کہتا ہوں آزادی بچانے کے لیے سٹریٹ موومنٹ کے لیے نکلنا ہوگا، ہماری تحریک جمہوریت کے لیے جہاد ہے۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سپیشل جج ہمایوں دلاور کی وجہ سے میں اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، ہمارے خلاف جو بھی جج فیصلہ کرتا ہے اسے یہ نوازتے ہیں، ہمایوں دلاور کو اربوں روپے مالیت کی زمین تحفے میں دیدی گئی، کے پی اینٹی کرپشن کے پاس اس کے سارے ثبوت موجود ہیں، اب ایف آئی اے نے کے پی اینٹی کرپشن پر کیس کر دیا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا محسن نقوی نے سب سے زیادہ ظلم ہم پر کیا، ظل شاہ کو پولیس نے تشدد کرکے قتل کیا،لاش سڑک پر پھینکی اور ایف آئی آر میرے خلاف کاٹی، ہم پر ظلم کرنے کے عوض محسن نقوی کو وزیر داخلہ اور پی سی بی کا چیئرمین بنایا گیا۔ انہوں نے کہا پوری پارٹی تیار رہے، سڑکوں پر آنے کا اعلان جلد کریں گے، ان کو شرم نہیں آتی یہ اسمبلیوں میں گھس گئے اور پارلیمینٹرینز کو پکڑ لیا۔ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، کسی نے پارلیمنٹ سے کسی کو گرفتار نہیں کیا اسی طرح میری بیوی غیر قانونی طور پر جیل میں ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلی خیبر پی کے علی امین گنڈاپور کی صحافیوں کے بارے میں بیان پرناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے نامناسب قرار دیا۔ عمران خان نے کہا علی امین گنڈاپور کو ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا ، وہ جوشِ خطابت میں زیادہ ہی بول گئے۔