پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے میں سینٹ انتخابات کیس کی سماعت کو ایک مہینے تک ملتوی کر دیا گیا۔ سینٹ انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت پشاور ہائی کورٹ میں ہوئی۔ اس دوران عدالت نے کیس کی سماعت ایک مہینے تک ملتوی کر دی۔ خیبر پی کے میں سینٹ انتخابات کیس کی سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ اس دوران وکیل درخواست گزار علی زمان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ گزشتہ سماعت پر کہا تھا کہ کوئی اور وکیل پیش ہو، علی ظفر ایڈووکیٹ اور سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ اس کیس کی پیروی کریں گے۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا ان سے کہنا تھا کہ آپ نے کیوں ہتھیار ڈال دئیے، اس پر علی زمان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ میری باتوں پر ان کو غصہ آیا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اچھی بات ہے کیس میں جذبات سے کام نہیں لینا چاہیے۔ ادھر وکیل الیکشن کمشن نے بتایا کہ کیس کو ملتوی کیا جائے ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔