اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کرونا وائرس کی علامات ہونے کے باوجود جمعرات کو ماسک پہن کر قومی اسمبلی اجلاس میں پہنچ گئے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفی شاہ کی صدارت شروع ہوا ۔اجلاس میں شرکت کیلئے اویس لغاری ماسک پہن ایون پہنچے ۔وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ مجھے کرونا کی سنجیدہ علامات ہیں مگر ابھی ٹیسٹ نہیں کرایا۔، بیماری کے باوجود ایوان میں جواب دینے آیا ہوں۔ اس پر انہیں قومی اسمبلی سے جانے کی ہدایت کردی گئی۔ ڈپٹی سپیکر نے اویس لغاری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ارکان کو خدشہ ہے کہ آپ کو کرونا ہے تو آپ چلے جائیں۔ارکانِ اسمبلی نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کہیں کہ پہلے ٹیسٹ کرائیں۔حکومتی ارکان نے مطالبہ کیا کہ عمر ایوب کو جھپی ڈال کر ایوان سے چلے جائیں۔اویس لغاری اسپیکر کی ہدایت پر ایوان سے جانے لگے تو ازراہِ تفنن ہاتھ ملانے کے لیے عمر ایوب کی جانب بڑھے تو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی سنجیدہ علامات ہونے باوجود آرہے ہیں، دل کررہا ہے جپھی ڈال دوں ۔عمرایوب نے گلے ملنے کے لیے بانہیں پھیلا دیں جس کے بعد ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔ اپوزیشن اراکان کے شدید تحفظات پر اویس لغاری ایوان سے چلے گئے۔
کرونا کا خدشہ، اویس لغاری ماسک پہن کر ایوان پہنچ گئے
Sep 13, 2024