25 ستمبر کو ایگزیکٹیو بورڈ میں پاکستان کا قرض پروگرام زیر غور آئیگا، آئی ایم ایف: معاملات طے پا گئے، وزیر خزانہ

Sep 13, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) . عالمی مالیاتی فنڈز( آئی ایم ایف)  کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے  پاکستانی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی تائید کی  ہے اور کہا ہے 25 ستمبر کو ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کا کیس زیر غور آئیگا ، 25 ستمبر کو ہونے والے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے قرض پروگرام کی منظوری کو بھی ایجنڈے کا حصہ بنالیا گیا ہے۔آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولیا کوزیک نے بتایا ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 25 ستمبر کو ہوگا جس میں پاکستان کے لیے نئے قرض پروگرام کی منظوری متوقع ہے۔جولیا کوزیک کے مطابق پاکستان کے ساتھ مذاکرات جولائی میں مکمل ہو گئے تھے، جس میں 7 ارب ڈالرز کے نئے قرض پروگرام پر بات چیت ہوئی تھی۔آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب  نے کہا ہے الحمدللہ آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں. وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ٹیم، آئی ایم ایف کی مزاکراتی ٹیم اور متعلقہ اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے حتمی مراحل میں کلیدی کردار ادا کیا. رواں ماہ آئی ایم اہف کے بورڈ کے اجلاس میں ان معاملات کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔  معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے پالیسی ریٹ میں کمی سے ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا. معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

مزیدخبریں