اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تین رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے جس نے بانی پی ٹی آئی کو پوچھ گچھ کے لیے 16 ستمبر کو طلب کر لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور 3 رکنی جے آئی ٹی نے بانی پی ٹی آئی کو 16 ستمبر تحقیقات کے لیے طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جے آئی ٹی نے نیب سے کیس کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے اور نیب کی جانب سے ایف آئی اے کی ٹیم کو کیس پر بریفنگ بھی دی گئی ہے۔ جے آئی ٹی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے پوچھ گچھ کے لیے اڈیالہ جیل جائے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ سپیشل جج سینٹرل امجد اقبال رانجھا کی درخواست پر ان کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ سپیشل جج سینٹرل امجد اقبال رانجھا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خط میں کہا گیا تھا ذاتی وجوہات پر بطور سپیشل جج سینٹرل خدمات جاری نہیں رکھ سکتا۔ خط میں سپیشل جج سینٹرل امجد اقبال رانجھا نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کو میری خدمات واپس کی جائیں۔ جج امجد اقبال رانجھا کی درخواست پر ان کی جگہ سیشن جج شاہ رخ ارجمند کی نامزدگی کر دی گئی۔ توشہ خانہ ٹو کیس سپیشل جج سینٹرل امجد رانجھا کی عدالت منتقل کیا گیا تھا۔
توشہ خانہ ٹو ریفرنس: جج اقبال رانجھا تبدیل، ایف آئی اے کی 3 رکنی جے آئی ٹی تشکیل
Sep 13, 2024