لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے 1965ء کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے یوم شہادت کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ شہید کی موت قوم کیلئے حیات نو کا نیا پیغام ہوتی ہے۔ میجر عزیز بھٹی شہید نے پاک سرزمین کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ اپنی بہادری اور شجاعت سے دشمن کو بھی ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ بہادری اور جرات کی لازوال مثال قائم کی۔ دفاع وطن کیلئے میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ علاوہ ازیں مریم نواز کے پنجاب پولیس کو عوام کی حقیقی محافظ بنانے کے عزم اور کارکردگی میں بہتری کے لئے مثالی احکامات پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔ شفافیت اور عوام سے بہتر رویہ یقینی بنانے کے لئے پولیس جوانوں کو باڈی کیم سے لیس کرنے کا فیصلہ پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا۔ اس ضمن میں پولیس افسروں اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا حکمنامہ جاری کر د یا گیا۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پولیس باڈی کیم اور سوشل میڈیا پر پابندی کے احکامات جاری کیے۔ وزیر اعلیٰ کے حکم پر پولیس آپریشن، انویسٹی گیشن اور ٹریفک ونگ کے اہلکار باڈی کیم لگائیں گے۔ باڈی کیم سے لیس کرنے پر پولیس اہلکاروں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔ پولیس اہلکاروں کو باڈی کیم کی فراہمی کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے۔ پولیس افسروں اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے سے سروس ڈلیوری متاثر ہورہی ہے۔ پولیس افسروں کو سوشل میڈیا کی بجائے پروفیشنل ازم پر فوکس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کوتاہی برادشت نہیں۔ باڈی کیم لگانے کا مقصد پولیس کے رویہ میں بہتری اور مانیٹرنگ یقینی بنانا ہے۔ ہوم سیکرٹری نورالامین مینگل نے آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کو مراسلے جاری کر دیئے۔ دوسری جانب پنجاب مریم نواز شریف نے پولیو ٹیم پر تشدد کی خبر کا نوٹس لے لیا۔ داتا گنج بخش ٹائون کی یو سی 69 میں پولیو ٹیم پر تشدد کے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیو ورکرز بچوں کو معذوری سے بچانے کا قومی فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ انسداد پولیو ویکسی نیشن مہم میں رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔