پشاور (نیٹ نیوز) پشاور میں بلدیاتی نمائندوں اور عوام نے لوڈشیڈنگ سے تنگ آ کر گرڈ سٹیشن پر قبضہ کر لیا۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بلدیاتی ناظمین نے پیسکو کے دلہ ذاک گرڈ سٹیشن پر قبضہ کر کے عملے کو دفتر سے باہر نکال دیا جبکہ ملازمین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ ناظمین لوگوں کے ہجوم کی مدد سے گرڈ سٹیشن میں داخل ہوئے ہیں، ناظمین اور مظاہرین کا تعلق گلوزئی اور محمد زئی فیڈرز سے ہے۔ ترجمان کے مطابق ناظمین میں نظام، افتخار، وسیم، کلیم، ساجد اور صداقت شامل ہیں۔ گرڈ پر قبضہ کرنے کے بعد مظاہرین اپنی مرضی سے فیڈرز پر بجلی آن کر رہے ہیں، موجودہ صورت حال کے پیش نظر پولیس سے رابطہ کیا گیا تاہم صورت حال بہتر نہیں ہو سکی جس کے بعد پیسکو نے قانونی کارروائی کیلئے پولیس کو مراسلہ ارسال کر دیا۔
پشاور میں لوڈشیڈنگ کے خلاف بلدیاتی نمائندے‘عوام گرڈ سٹیشن میں داخل‘ بجلی آن کر دی
Sep 13, 2024