تربیلا ڈیم کی تکمیل کے  50 سال مکمل‘پیداواری صلاحیت   4    ہزار 888    میگاواٹ 

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ ) تربیلا ڈیم نے اپنی تاریخ کا اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ تربیلا ڈیم نے اپنی تکمیل کے 50 سال مکمل کر لئے ہیں۔ تربیلا ڈیم سندھ طاس پلان کے تحت تعمیر کئے گئے منصوبوں میں اہم ترین منصوبہ ہے جو پاکستان میں لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی کو پانی کی یقینی فراہمی اور سیلاب کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ہزاروں میگاواٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کر رہا ہے۔ تربیلا ڈیم اسلام آباد کے شمال مغرب میں 64کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ تربیلا ڈیم پر تعمیراتی کام 1968 میں شروع ہوا جبکہ پراجیکٹ کے تمام سول ورکس 1974 میں مکمل کر لئے گئے۔ پاور ہاؤس میں بجلی پیدا کرنے والے یونٹوں کی تنصیب 1974 میں شروع ہوئی اور ان کی تنصیب کا کام مرحلہ وار مکمل کیا گیا۔تربیلا ڈیم دریا سندھ پر تعمیر کیاگیا۔ ڈیم کی لمبائی 9ہزار فٹ یعنی 2ہزار 743 میٹر جبکہ انچائی 470 فٹ یعنی 143میٹر ہے۔ اس کے دو سپل ویز ہیں جن سے پانی کے اخراج کی مجموعی صلاحیت 15لاکھ کیوسک ہے۔ تربیلا ڈیم کی چار ٹنلز ہیں جن میں سے ہر ایک کی لمبائی 800 میٹر ہے۔ ان ٹنلز کی تعمیر کا مقصد زراعت کے لئے پانی کا اخراج اور پن بجلی کی پیداوار ہے۔تربیلا جھیل کا مجموعی رقبہ 259 مربع کلومیٹر ہے۔ 1974 میں تکمیل کے وقت ڈیم میں قابل استعمال پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 9.68 ملین ایکڑ فٹ تھی جو گزشتہ 50 برس میں مٹی اور گاد بھرنے کے قدرتی عمل کی وجہ سے کم ہو کر 5.77 ملین ایکڑ فٹ ہو چکی ہے۔تربیلا ڈیم کے نیچے دائیں جانب پاور ہاؤس تعمیر کئے گئے ہیں۔ ٹنل نمبر 1،2،3 اور 4  پر 17 یونٹس نصب ہیں۔ تربیلا پاکستان میں بجلی پیدا کرنے والا سب سے بڑا پاور سٹیشن ہے جس کی پیداواری صلاحیت 4ہزار 888  میگاواٹ ہے، جو واپڈا پن بجلی گھروں سے پیدا ہونے والی بجلی کی مجموعی پیداوار کا 51.6فیصد ہے۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل سے تربیلا سے پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت مزید بڑھ کر 6ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن