اوکاڑہ (نامہ نگار) وکلاء کی گاڑی پر مخالفین کی فائرنگ سے ایک وکیل جاں بحق جبکہ دوسرا وکیل شدید زخمی ہوگیا۔ چند یوم قبل فریقین میں صلح ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق منڈی احمد آباد کے وکیل ملک محمود اور فیصل رمضان بصیر پور سے دیپالپور کچہری آ رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ملک محمود ایڈووکیٹ موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ گاڑی میں بیٹھا ان کا ساتھی وکیل فیصل رمضان شدید زخمی ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے وکیل کی ڈیڈ باڈی اور زخمی وکیل کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وکلاء کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی۔ واقعہ پر پولیس کی طرف سے امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول اور ملزمان کے مابین مقدمہ بازی تھی اور چند روز قبل ہی ان کی صلح ہو ئی تھی۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم مرتضی عرف بیرو اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کی۔ دریں اثنا قتل کیخلاف دیپالپور بار نے ہڑتال کر دی۔دریں اثناء اوکاڑہ پولیس نے چند گھنٹوں میں مرکزی ملزم مرتضیٰ عرف ہیرو کو گرفتار کر لیا۔ باقی ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔