حضرت محمدؐ آخری پیغمبر

قاری محمد قاسم بلوچ 
آپؐ قیامت تک پوری انسانیت کے لئے ہادی و راہبر ہیں، عقیدہ ختم نبوت اسلام کے بنیادی عقائد میں شامل ہے
چناب نگر(پنجاب)میں ہونے والی کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور مختلف جماعتوں کے زعما نے خطاب کیا اللہ تعالیٰ نے انسان کی ہدایت وراہنمائی کے لیے انبیائے کرام علیہم السلام کو وقتاً فوقتاً اس دنیا میں بھیجا جنہوں نے آکر انسان کو دنیا میں آنے کا اصل مقصد بتایا اور اسے صحیح خطوط پر زندگی گزارنے کے طور طریقوں سے آگاہ کیا۔ یہ سلسلہ حضرت آدم علیہ السلام سے شروع ہوا۔تمام مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ سلسلہ نبوت جو حضرت آدم علیہ السلام سے شروع ہوا تھا، وہ آنحضرت ؐ پر ختم کردیا گیا۔آپ ؐ اللہ کے آخری نبی ہیں،آپ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔آپ کی امت آخری امت ہے، اس کے بعد کوئی امت نہیں ہوگی آپ پر جو کتاب (قرآن کریم) نازل ہوئی، وہ آخری کتاب ہے۔یہ عقیدہ ختم نبوت کہلاتا ہے۔’’عقیدہ ختم نبوت‘‘ اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ہے، اس پر ایمان لانا اسی طرح ضروری ہے جس طرح اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور نبی اکرم ؐ کی رسالت پر ایمان لانا ضروری ہے۔ حضور اکرم ؐ کی ختم نبوت پر ایمان لائے بغیر کوئی شخص مسلمان نہیں ہوسکتا، کیوں کہ یہ عقیدہ قرآن کریم کی سو سے زائد آیات اور دو سو احادیث سے ثابت ہے، امت کا سب سے پہلا اجماع بھی اسی پر منعقد ہوا ،یہی وجہ ہے کہ ختم نبوت کا مسئلہ اسلامی تاریخ کے کسی دور میں مشکوک اور مشتبہ نہیں رہا اور نہ ہی کبھی اس پر بحث کی ضرورت سمجھی گئی، بلکہ ہر دور میں متفقہ طور پر اس پر ایمان لانا ضروری سمجھا گیا۔حضور اکرمؐ کی ختم نبوت کا اعلان درحقیقت اس اْمت پر ایک احسان عظیم ہے ،اس عقیدے نے اْمت کو وحدت کی لڑی میں پَرودیا ہے ، آپ پوری دنیا میں کہیں چلے جائیں اور آپ ہر دور اور ہر عہد کی تاریخ کا مطالعہ کریں آپ کو نظر آئے گا کہ خواہ کسی قوم، کسی زبان، کسی علاقے اور کسی عہد کا باشندہ ہو، اگر وہ مسلمان ہے اور حضور اکرمؐ پر اس کا ایمان ہے تو اس کے عقائد، اس کی عبادات، اس کے دین کے ارکان، اس کے طریقے میں آپ کو یکسانیت اور وحدت نظر آئے گی جس طرح حضور اکرمؐ کے زمانے میں پانچ نمازیں فرض تھیں، اسی طرح آج بھی پانچ نمازیں فرض ہیں،ان کے جو اوقات حضور اکرمؐ کے زمانے میں تھے، وہی آج بھی ہیں ،اسی طرح روزہ ، حج، زکوٰۃ اور دیگر احکام بھی سب کے لئے یکساں ہیں، یہ سب نتیجہ ہے ختم نبوت کا، اتمام نبوت کا ،اکمال شریعت کا۔
امام الانبیاء، سیدالمرسلین، سرورکائنات، پیغمبر آخر واعظم،حضرت محمد ؐ انسان کامل،انبیاء اور رسولوں کے امام اور اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبر ہیں جو دنیا میں اللہ تعالیٰ کا آخری پیغام لے کر آئے اور بنی نوع انسان کی رہنمائی آپؐ کا منصب ٹھہرا ،نہ صرف یہ، بلکہ آپؐ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور اللہ تعالیٰ نے آپؐ کا ذکر بلند کردیا۔ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’کیا ہم نے آپؐ کا سینہ نہیں کھول دیا اور آپؐسے آپؐ کا بوجھ ہم نے اتار دیا جس نے آپؐ کی پیٹھ بوجھل کر دی تھی اور ہم نے آپؐ کا ذکر بلند کر دیا۔‘‘(سورۃ الانشراح)
 آپؐ بنی نوع آدم اور پورے عالم انس و جن کے لیے دائمی نمونہ عمل اور آخری نبی بنا کر مبعوث فرمائے گئے۔ آپؐ پر دینِ مبین کی تکمیل کر دی گئی۔پوری انسانیت آپؐ کی امّت اور آپؐ قیامت تک پوری انسانیت کے لیے ہادی و رہبر اور بشیر و نذیر بنا کر مبعوث فرمائے گئے۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ مولانا سید محمد کفیل بخاری نے اپنے پیغام میں کہا  ہے کہ آئندہ سال 2025میں(ربوہ) چناب نگر میں داخل ہوئے پچاس  سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی منائی جائے گی ۔

ای پیپر دی نیشن