ایتھیوپیا کے قومی دن کے موقع پر آئی سی سی آئی میں شاندار کلچر شو

Sep 13, 2024

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ایتھوپیا ایک ایسا ملک ہے جو اپنے بھرپور ثقافتی تنوع اور بے پناہ مواقع کے لیے جانا جاتا ہے جو اسے ترقی پذیر اور مواقع کی سرزمین بناتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت   ایتھوپیا کے نیو ایئر کلچرل نائٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  وفاقی وزیر نے ایتھوپیا کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا دونوں اپنے اسلامی ورثے، زرعی معیشتوں، ثقافتی تنوع، تاریخی تجارتی تعلقات، اسٹریٹجک مقامات اور دوستانہ تعلقات کے ذریعے ایک مشترکہ رشتہ رکھتے ہیں، جو دو طرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایتھوپیا ایئر لائنز کا براہ راست فضائی آپریشن دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام، کاروبار سے کاروبار، سیاحت اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایتھوپیا میں پھیلتے ہوئے تجارتی تعلقات، براہ راست پروازوں اور پاکستانیوں کے تعاون کی تعریف کی۔ وزیر نے ٹیکنالوجی، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرتے ہوئے  وژن کے ذریعے ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کو ایک سٹریٹجک اور قابل اعتماد پارٹنر سمجھتا ہے اور دونوں ممالک اپنے دوطرفہ تعلقات بالخصوص کاروباری اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کراچی میں ایتھوپیئن ایئرلائنز کے آپریشنز کے آغاز میں حکومت پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا جو کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی لوک افریقہ اور انگیج افریقہ پالیسی پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔سفیر نے ایتھوپیا کے ورثے، ثقافتی اہمیت اور دلکش قدرتی خوبصورتی کی نمائش کی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر  نے دونوں وفاقی وزرا کے ساتھ ساتھ احسن ظفر بختاوری اور ظفر بختاوری کو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں نمایاں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایتھوپیا کی روایتی شالیں پیش   اور خصوصی شیلڈز پیش کیں۔   مزید برآں، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران کو ان کی وقف خدمات کو سراہتے ہوئے سووینئرز دیے گئے۔ تقریب میں ترکمانستان، قازقستان کے سفیر، ملائیشیا کے ہائی کمشنر، انڈونیشیا، فلسطین کے ڈی ایچ ایمز، سفیر حامد اصغر خان (ایڈیشنل سیکرٹری افریقہ)ممتاز کاروباری رہنما، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹوز، ممبران اور میڈیا پرسنزنے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں