اسلام آباد (خبرنگار) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے یورپی یونین کے خصوصی ایلچی فرانس وان ڈائلے برائے مذاہب و عقائد کے فروغ نے وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی ۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کو پارلیمنٹ ہاس میں خوش آمدید کہا سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو باہمی فائدہ مند اور اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان-یورپی یونین مشترکہ کمیشن کا جمہوریت، گورننس، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق سے متعلق ایک ذیلی گروپ قائم کیا گیا ہے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جی ایس پی پلس پر تعاون کے لئے شکر گزار ہیں اور پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔ سینیٹرز شیری رحمان ،مولانا عطا الرحمن ،منظور احمد کاکڑ ،ثمینہ ممتاز زہری ،علی ظفر ،فیصل سبزواری بھی ملاقات میں موجود تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے ملاقات میں افغان مہاجرین کا مسئلہ بھی اٹھایا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں افغانی پناہ گزین موجود ہیں ان کی وطن واپسی اہم مسئلہ ہے اور عالمی برادری اس اہم مسئلے کے حل کیلئے آگے بڑھے۔