اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، انسانی حقوق اور پارلیمانی امور، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یورپی یونین کے خصوصی مندوب برائے مذہبی آزادی، سفیر فرانس وین ڈیل، سے ملاقات کی، جن کے ہمراہ پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا، سیاسی مشیر مسز روکیے کمورکو اور تعاون کار ایسوسی ایٹ مسٹر سباسٹین لوریون بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مذہبی آزادی کے فروغ، اقلیتی حقوق کے تحفظ، اور پاکستان میں قانونی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے موضوعات پر بات چیت ہوئی سفیر وین ڈیل نے مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، لیکن ساتھ ہی مذہبی اقلیتوں کو درپیش چیلنجز، جیسے جبری شادیاں اور تبدیلی مذہب کے معاملات کی نشاندہی بھی کی۔ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے ان تحفظات کو دور کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور آئین کے آرٹیکل 20، 22 اور 28 کے تحت تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی ضمانت کو اجاگر کیا۔