ر بیع الاول کے پر امن انعقاد کیلئے پیر نقیب الرحمن کی زیر صدارت اجلاس

راولپنڈی( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) ربیع الاول شریف کا ماہِ مبارک آتے ہی مسلمانانِ عالم حضور نبی کریم ؐ کی ارفع و اعلی میلادِ پاک کے سلسلہ میں محافلِ میلاد پاک و نعت پاک، جلوس، ریلیوں، چراغاں اور کانفرنسز کا انعقاد کرتے ہیں۔ آنے والے عظیم ترین یوم مبارک 12ربیع الاول شریف کے روز تمام مذہبی تقریبات کے بطریقِ احسن اور پر امن انعقاد کے لئے آستانہ عالیہ عید گاہ شریف میں سجادہ نشین پیر محمدنقیب الرحمن کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بھر پور طریقے سے ضلعی انتظامیہ کے تمام شعبہ جات کے افسران و ذمہ داران، حنیف عباسی(ایم این اے)، ملک افتخار(ایم پی اے و پارلیمانی سیکریٹری مذہبی امور)،ایڈووکیٹ راجہ محمد حنیف(ایم پی اے)، ملک منصور افسر(ایم پی اے)، سید ضیا اللہ شاہ(ایم پی ا ے)،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احسان طارق، سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، تمام ضلعی میلاد کمیٹیوں کے سربراہان جن میں شیخ طارق مسعود، خورشید انور، حکیم سہارنپوری، انجمنِ تاجران جن میں شاہد غفور پراچہ (صدر)، طارق منیر بٹ، صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس انجم پرویز بھٹی اور تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام جن میں مفتی محمدسلیمان رضوی، حافظ محمد اقبال رضوی، مولانا عطا الرحمن دھنیال، علامہ فیصل اقبا ل رضوی، عبدالرحمن توکلی، مفتی کبیر میر، پیر شفیق فریدی، ایاز محمود لاشاری، حاجی محمد محفوظ، شوکت عباس جعفری اور زاہد عباس کاظمی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ آج جس طرح تمام مکاتبِ فکرکے علمائے کرام، میلاد کمیٹیوں کے سربراہان و ممبران، انجمنِ تاجران و دیگر نے متحد و متفق ہو کر اخوت و رواداری و بھائی چارے کا پیغام دیا ہے میلاد النبیؐ کے عظیم ترین یومِ مبارک پر عوام الناس بھی اسی طرح اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں تا کہ دین متین اسلام کی حقیقی و صحیح تصویر کے ذریعے دنیا کو امن و سلامتی کا پیغام دیاجائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی ایم این اے نے کہا کہ ربیع الاول شریف کی طرح تمام مذہبی و دینی تہواروں پر تمام مسالک کو متحد کرنے اور مکمل امن و امان کو بر قرار رکھنے کے لئے پیر محمد نقیب الرحمن و پیر محمد حسان حسیب الرحمن کی کاوشیں اور خدمات مذہبی رواداری کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احسان  طارق نے کہا کہ میلاد النبی ؐ کے تمام جلوسوں اور ریلیوں کی سیکورٹی و حفاظت کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ ا س موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہر قسم کی ممکنہ سہولیات، طبی امداد، سیکورٹی اور عوام الناس کی آمد و رفت کے لئے ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے متبادل راستوں کا تعین کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ضیا اللہ شاہ ایم پی اے نے کہا کہ خلقِ مصطفوی ؐکے اتباع کی عملی تصویر عید گاہ شریف میں نظر آتی ہے جہاں تمام مسالک، تمام شعبہ جاتِ زندگی کی شخصیات، عوا م الناس غرض کہ ہر کسی کے ساتھ نہایت محبت و احترام کا سلوک کیا جاتا ہے اور سب سے بڑھ کر محسنِ اعظمِ انسانیت ؐ کے دامانِ رحمت سے مضبوطی سے منسلک رہنے کی تعلیم دی جاتی ہے اور تمام مذہبی مواقع پر آپس میں اتحاد و اتفاق کی تربیت دی جاتی ہے۔ اجلاس سے میلاد کمیٹیوں کے سربراہان و نمائندگان، علمائے کرام نے بھی خطاب کیا اور اپنی نہایت مفید تجاویز و مشوروں سے میلاد النبی ؐ کی تمام تر تقریبات کو مودبانہ اور عقیدت مندانہ طور پر منعقد کرنے کی جانب رہنمائی کی۔ اجلاس کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیزکی خوشحالی، سلامتی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات، آزادی و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کرائی۔

ای پیپر دی نیشن

ہم باز نہیں آتے!!

حرف ناتمام…زاہد نویدzahidnaveed@hotmail.com یادش بخیر …یہ زمانہ 1960 کا جس کے حوالے سے آج بات ہوگی۔ یہ دور ایوب خاں کے زوال اور بھٹو ...