سندھ حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے:وزیر اعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب سے ملاقات کی جس میں ملک کے معاشی مسائل اور ان کے حل کے لیے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ملاقات میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور صوبائی سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی شریک تھے۔ملاقات کے دوران سندھ میں وفاقی حکومت کی اہم سڑکوں کے فنڈ جاری کر کے کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دوران ملاقات جامشورو تا سیہون قومی شاہراہ کو مکمل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر خزانہ سے بات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے قومی شاہراہ کی تعمیر کیلئے کافی عرصہ پہلے 7 ارب روپے جاری کر دیئے تھے، سندھ حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ملاقات میں مراد علی شاہ نے مہران ہائی وے کی ڈوئیلائیزیشن سے متعلق بھی بات چیت کی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ میں پی ایس ڈی پی منصوبوں کی فنڈنگ جاری کرینگے۔

ای پیپر دی نیشن