وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ پر تحقیقات شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے سینیئر افسران کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ سائبرکرائم وِنگ ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تحقیقات کرنے کیلئے اڈیالہ جیل روانہ ہوگئی جہاں تفتیشی وتکنیکی افسران پرمشتمل ٹیم ان سے تحقیقات کرے گی۔دوسری جانب اس معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کی دھمکی آمیزپوسٹ کے معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کررہی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پوسٹ جاری کی، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی سالمیت کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد لگایا۔ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے فوج اور عدلیہ کے اداروں کو ٹارگٹ کیا، ایف آئی اے کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ چکی اور ان سے پوچھا جائے گا کہ اکاؤنٹ کہاں سے چل رہا ہے اور کون چلا رہا ہے؟خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔