سیالکوٹ جنرل پوسٹ آفس میں تعینات سینئراکاونٹنٹ کے ناروا رویہ کے خلاف سیالکوٹ ریجن کے تمام  ڈاکخانوں کےعملہ نے دو گھنٹے تک قلم چھوڑ ہڑتال کی، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

Apr 14, 2010 | 17:37

سفیر یاؤ جنگ
جی پی او سیالکوٹ میں ہڑتال کرنے والے سینکڑوں ملازمین نے سینئر اکاﺅنٹنٹ  کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کے سیالکوٹ سے فوری تبادلہ کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پرنائب صدرنوپ یونین سیالکوٹ شہباز احمد نے میڈیا کو بتایا کہ  سینئر اکاونٹنٹ نے درجہ چہارم کے ملازم کو اپنے بچے کے چیک اپ کیلئے چھٹی مانگنے پرمعطل کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمین ایسا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انیس اپریل تک سنٹرباڈی نوپ یونین سیالکوٹ کی ہدایت پرروزانہ دو گھنٹے ہڑتال کی جائے گی اورتمام ڈاکخانوں کی تالہ بندی کی جائے گی۔ اس موقع پرمظاہرین نے کہا ہے کہ درجہ چہارم کے ملازم کو بحال اوراکاونٹنٹ کا تبادلہ نہ کیا گیا توپورے پنجاب میں ہڑتال کی جائے گی۔  دوسری جانب ہڑتال کے باعث سیالکوٹ اور نارووال کے اضلاح کے درجنوں ڈاکخانوں میں کام بند ہوجانے کے باعث سرکاری خزانہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا جبکہ ڈاکخانوں میں پنشن وصولی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے آنےوالے سائلین خوار ہوتے رہے.
مزیدخبریں