مسلم لیگ نون کے قائدمحمدنوازشریف نے کہا ہے کہ قاف لیگ والے ہزارہ میں لاشوں کی سیاست کرنے آئے ہیں ، حکومت کو چاہیے کہ وہ ہزارہ کے عوام کی خواہشات پوری کرے ۔

نواز شریف ہری پورکےعلاقے سری کوٹ میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ہزارہ کے عوام کے ساتھ ہیں۔ ہزارہ کے لوگوں کے تحفظات دور کرنے تک حکومت کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔مسلم لیگ نون کے قائد کا کہناتھا کہ ایبٹ آباد میں تشدد کرنے والوں کا جرم ناقابل معافی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ہزارہ کے عوام کےساتھ ہے ۔ وہ اپنے آپ کو تنہا نہ سمھجیں، ان کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا ۔ اس سے پہلے نواز شریف کی سربراہی میں  مسلم لیگی رہنما پیرصابرشاہ کی رہائش گاہ پر ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ نون کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہزارہ میں کچھ لوگ سیاسی دکان چمکانے کی کیلئے دھوکا بازی کررہے ہیں اور لاشوں کی سیاست کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو ہزارہ ڈویژن کا چودھری نہیں بننے دیں گے۔ ہزارہ کے عوام سے ہمارا گہرا تعلق ہے اور ہزارہ کے لوگ الگ صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں تو یہ ان کا آئینی حق ہے۔

ای پیپر دی نیشن