کوئٹہ، ایک پولیس اہلکارسمیت مزید نوافراد ٹارگٹ کلنگ کی بھینٹ چڑھ گئے، مشتعل افراد کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ۔

کوئٹہ میں آج پھر نامعلوم افراد نے نو افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جس کےبعد شہر بھر میں حالات کشیدہ ہوگئے اور مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی بھی کی۔ ٹارگٹ کلنگ کا پہلا واقعہ بروری روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سوار افراد نے ایک ییلو کیب پر فائرنگ کردی جس سے گاڑی میں سوار چھ افراد موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، جسے فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ سبزل روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ تيسرے واقعے میں شالکوٹ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے پولیس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد بروری روڈ، کيرانی روڈ، ہزارہ ٹاؤن اورعلمدار روڈ سميت شہر کے مختلف علاقوں ميں کشيدگی پيدا ہوگئی۔ مشتعل افراد نے بی ايم سی ہسپتال ميں توڑ پھوڑ کی اور ايک گاڑی کو بھی نذرآتش کرديا۔ کشیدگی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں ميں اہم کاروباری مراکز اور دکانيں بند ہیں جبکہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے ايف سی اورپوليس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ادھر تحفظ عزاداری کونسل نے ہلاکتوں کی شديد مذمت کرتے ہوئے سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے

ای پیپر دی نیشن