لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے الےکشن کا شفاف انعقاد اور امن وامان کی صورتحال بہتر سے بہتر بنانا نگران حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور اس مقصد کےلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ الےکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق بیوروکریسی میں ردوبدل کیا گیا اور ایک ایسی غیر جانبدار انتظامیہ کی ٹیم تشکیل دی جو انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہو گی۔ تمام سیاسی رہنماﺅں کو خطرات کے پیش نظر الےکشن کمیشن کی ہدایت اور قواعد و ضوابط کے مطابق سکیورٹی فراہم کریں گے۔ تمام ریجنل و ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں وہ سیاسی رہنماﺅں سے سکیورٹی کے حوالے سے رابطے میں رہےں۔ نگران حکومت امن وامان اور سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے پوری طرح تیار ہے اور جو کچھ انسانی بس میں ہے کیا جا رہا ہے۔ وہ گذشتہ شب ایوان وزیراعلیٰ میں سینئر کالم نگاروں، دانشوروں اور ایڈیٹروں سے ملاقات کے دوران گفتگو اور ایوان وزیراعلیٰ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ نجم سیٹھی نے کہا غیر جانبدارانہ اور شفاف الےکشن کے انعقاد کے لئے ایسی غیر جانبدار اور محنتی و ایماندار ٹیم تشکیل دےنے کی مخلصانہ کوشش کی گئی ہے تاکہ کوئی اس پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ ےہ امر بھی خوش آئند ہے کسی جانب سے بھی اپنی پسند کا افسر لگانے کی سفارش نہیں ہوئی۔ ہم نے الےکشن کمشن کی ہدایات پر من وعن عملدرآمد کیا۔ بعض سیاسی شخصیات کی سکیورٹی میں 20 سے 25 فیصد تک کمی کی ہے تاہم سیاسی رہنماﺅں کو دھمکیوں کے پیش نظر ان کی بہتر سے بہتر سکیورٹی یقینی بنائیںگے۔ انتخابات کے دوران سیاسی جلسوں، ریلیوں اور اجتماعات کی سکیورٹی بھی یقینی بنائیںگے اور پولنگ کے دن ایسا پرامن ماحول پیدا کریں گے ووٹرز آزادانہ ماحول میں بلا خوف وخطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ انہوں نے کہا ڈینگی کی ممکنہ وبا سے نمٹنے کے لئے بھی مربوط حکمت عملی مرتب کر لی ہے اور خدانخواستہ ڈینگی کی وباءپھیلتی ہے تو اس کے تدارک کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا خسرہ بھی ایک وبائی مرض ہے، اس کی روک تھام کے لئے بھی م¶ثر اقدامات کئے ہیں۔ اےک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مجھ پر اور میر ی ٹیم پر الےکشن کمشن یا کسی قسم کا کوئی دباﺅ نہیں۔ نگران حکومت آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا نگران حکومت نے سرکاری وسائل بڑھانے کےلئے مربوط پلان تیا رکر لیا ہے۔ امید ہے آنے والی حکومت اس پر عمل کرتے ہوئے حکومتی آمدن بڑھائے گی۔ انہوں نے کہا ہسپتالوں میں مشینری اور آلات کی درستگی کے لئے دی مہلت آج ختم ہو رہی ہے۔ اس کے بعد ہسپتالوں میں مشینری اور طبی آلات کی درستگی کا جائزہ لیں گے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا لوڈشیڈنگ کےخلاف لوگوں کے سڑکوں پر آنے سے امن وامان کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے جو پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے مسئلہ بن سکتا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم سے بات کی ہے امید ہے آئندہ 5، 6 روز میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال میں بہتری آجائے گی۔ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا صحت مند معاشرے کیلئے ماحولیاتی آلودگی زہر قاتل ہے۔ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا حکومت کےساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے مربوط اور مو¿ثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس ضمن میں متعلقہ محکموں کو متحرک اور فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا لاہور میں سالڈویسٹ مینجمنٹ کا نظام بہترین انداز میں کام کر رہا ہے تاہم دیگر شہروں میں صفائی کے انتظامات کی صورتحال اطمینان بخش نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام میں مزید بہتری اور جدت لائی جائے اور صفائی کے جدید طریقے اپنائے جائیں۔