اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو لکھے گئے خط سے متعلق توہین عدالت کیس، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے مقدمہ کے التوا کی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے ترقیاتی منصوبوں کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اپیل جمع کرا دی گئی ہے۔ درخواست میں عدالت سے راجہ پرویز اشرف کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت میں التواءکی درخواست کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتخابی مصروفیت اور دیگر وجوہات کی بنا پر کیس کو غیر معینہ یا الیکشن کے بعد نئی حکومت کے قیام تک ملتوی کر دیا جائے۔ چیف جسٹس کو خط لکھنے کیخلاف راجہ پرویز اشرف کی درخواست کی سماعت کل ہونی ہے۔ پرویز اشرف نے ترقیاتی منصوبے کالعدم قرار دئیے جانے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے حلقے میں ترقیاتی منصوبے کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ذمہ دار قرار دیا تھا۔
پرویز اشرف/ مقدمہ/ التوا
توہین عدالت کیس، پرویز اشرف نے سپریم کورٹ میں مقدمہ کے التوا کی درخواست دیدی
Apr 14, 2013