لاہور : لاکھوں کے ڈاکے‘ کانسٹیبل زخمی‘ شیخوپورہ میں ڈاکوئوں نے ویگن ڈرائیور مار ڈالا

Apr 14, 2014

لاہور+ شیخوپورہ+ بھکھی (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مصطفی آباد میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے پولیس کانسٹیبل کو زخمی کر دیا۔ شیخوپورہ میں ڈاکوئوں نے گاڑی سائیڈ پر نہ لگانے پر گولی مارکر ویگن ڈرائیور کو قتل کر دیا، تفصیلات کے مطابق مصطفی آباد کے علاقہ میں دو ڈاکو ایک شہری سے ڈکیتی کی واردات کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس وہاں پہنچ گئی۔ ڈاکوئوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر د ی، جس کی زد میں آکرکانسٹیبل عبد الرحمن زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی مگر ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے باغبانپورہ میں صدیق کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 12لاکھ، فیکٹری ایریا میں سلیم کے گھر سے10لاکھ، غازی آباد میں رفاقت کے گھر سے8لاکھ، اقبال ٹائون میں ارسلان کے گھر سے8لاکھ، گوالمنڈی میں منیر کے گھر سے7لاکھ، سمن آباد میں افضال کے گھر سے7لاکھ، نواں کوٹ میںمظہر کے گھر سے6لاکھ، شمالی چھائونی میں ارشاد کے گھر سے 5لاکھ، اسلام پورہ میں فاروق کے گھر سے3لاکھ، شادباغ میں سرور کے گھر سے2لاکھکی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے جوہر ٹائون میں فیاض کی فیملی سے 5لاکھ، شاہدرہ میں عمران کی فیملی سے 4 لاکھ، راوی روڈ میں ذوالفقار کی فیملی سے 4 لاکھ،گڑھی شاہو میں ریاض کی فیملی سے 3 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی وارداتوں کے دوران 14 شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے۔چوروں نے ہنجروال میں اقبال کے گھر 8لاکھ، فیصل ٹائون میں واجد کی دکان سے 4لاکھ، ساندہ میں خادم کی دکان سے3لاکھ کا سامان چوری کرلیا۔ چوروں نے اقبال ٹائون سے نواب دین، نشتر کالونی سے امجد، ماڈل ٹائون سے زاہد کی کاریں جبکہ سمن آبادسے حمزہ، مزنگ سے شاکر، نواب ٹائون سے اشفاق، اقبال ٹائون سے علیم، قلعہ گجر سنگھ سے کامران، گارڈن ٹائون سے ساجد کی موٹر سائیکلیں چوری کرلیں۔ ادھر شیخوپورہ سے ننکانہ صاحب جانے والی ویگن میں 2ڈاکو مسافروں کے روپ میں سوار ہو گئے جب گاڑی ہیڈ کوٹ روشن دین کے قریب پہنچی تو ڈاکوئوں نے اسلحہ نکال کر ڈرائیور کو کہا کہ وہ گاڑی قریبی کھیتوں کی طرف لے جائے نہ ماننے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی، گولی لگنے سے ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

مزیدخبریں