چھٹی کے روز بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، لاہور شیخوپورہ سمیت کئی شہروں میں مظاہرے

Apr 14, 2014

لاہور + شیخوپورہ + اسلام آباد (نامہ نگاران + نامہ نگار خصوصی + آئی این پی) ملک بھر میں اتوار کی چھٹی کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ میں کمی کی بجائے اضافہ ہوگیا، وزیر پانی و بجلی کے دعوئوں کے باوجود شہروں میں لوڈشیڈنگ6کی بجائے14سے 16جبکہ دیہاتوں میں مسلسل 2/2گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام کی چیخیں نکل گئیں جبکہ لاہور، شیخوپورہ سمیت کئی شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ آئے عوام نے احتجاجی مظاہرے کئے اور نعرے بازی کرتے رہے۔ این ٹی ڈی سی کے ذرائع کے مطابق اتوار کی چھٹی اور پنجاب کے بڑے شہروں میں مارکیٹیں بند ہونے کے بعد باوجود بجلی کا شارٹ 2500 میگاواٹ سے تجاوز رہا۔ اتوار کے روز لاہور کے علاقہ شاہدرہ، گلشن روای اور چونگی امرسندھو کے علاوہ شیخوپورہ، گوجرنوالہ اور قصور میں بھی عوام کی جانب سے احتجاجی مظاہر ے کیے گئے جن میں حکومت سے فوری طور پر بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کر نے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ادھر شیخوپورہ اور اس کے نواحی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بدستور جاری ہے اور روزانہ 10 تا 12 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ محلہ احمد پورہ بھکھی روڈ کے درجنوں مکینوں نے لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور درجنوں صارفین نے بجلی کے بلوں کو احتجاجاً نذرآتش کردیا۔

مزیدخبریں