لاہور کنٹونمنٹ بورڈ: تینوں بڑی جماعتیں تمام حلقوں سے امیدوار کھڑے نہ کر سکیں

Apr 14, 2015

لاہور (سید شعیب الدین سے) لاہور کے دونوں کنٹونمنٹ بورڈز میں تینوں بڑی جماعتیں تمام 20 حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کر سکیں۔ مسلم لیگ (ن) نے 19، تحریک انصاف نے 18 اور پیپلزپارٹی نے 15 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے جبکہ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے حلقہ 8 اور 9 میں دو، دو امیدواروں کو انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کا مسئلہ زیرالتوا ہے۔ الیکشن کمشن کی طرف سے جاری امیدواروں کی فہرست اور ان کو الاٹ شدہ نشانوں کے مطابق لاہور کنٹونمنٹ بورڈ میں مسلم لیگ کے 9 امیدواروں کو شہر کا نشان الاٹ ہوا ہے جبکہ وارڈ 6 میں کسی امیدوار کو شیر کا نشان نہیں ملا۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 10 وارڈز میں تحریک انصاف کے امیدوار موجود ہیں اور ’’بلا‘‘ 10 امیدواروں کو الاٹ ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی کو 3 حلقوں میں امیدوار نہیں ملے ہیں اور 7 حلقوں میں تیر کے نشان پر امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار تمام 10 وارڈز میں موجود ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار 8 وارڈز میں ’’بلا‘‘ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی بھی 8 وارڈز میں تیر کے نشان پر الیکشن لڑ رہی ہے۔

مزیدخبریں