شمالی وزیرستان+ہنگو(نوائے وقت نیوز+نیوز ایجنسیاں) شمالی وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ وسطی اورکزئی ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی 2سال بعد بمباری اور شیلنگ سے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی تحصیل میر علی کے علاقے مچی خیل میں جارہی تھی بارودی حدود کے ذریعے نشانہ بنایا گیا دھماکے سے 2 سکیورٹی اہلکار نائیک شوکت اور لانس نائیک منیر حسین شہید ہوگئے علاوہ ازیں تحصیل سپین وام میں ہی دھماکے میں فورسز کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ، ذرائع کے مطابق دونوں واقعات شمالی وزیرستان کے دو مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے پیش آئے ادھر جنوبی وزیرستان کے علاوہ سپین کائی راغزائی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ ادھر سنٹرل اورکزئی ایجنسی میں دو سال بعد دہشت گردوں کی ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں اور گن شب ہیلی کاپٹروں کی بمباری اور آرٹلری سے شیلنگ 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ انکے 3 ٹھکانے تباہ ہو گئے، متعدد دہشت گرد زخمی ہو گئے جبکہ دیدن نامی شخص کے گھر پر گولہ گرنے سے 2 خواتین اور ایک بچی جاں بحق جبکہ 3 خواتین اور پانچ بچے زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا پیر کے روز سنٹرل اورکزئی ایجنسی کے علاقوں ابراہیمو، باشو پٹے، بیگو تنگی ، درند شیخان ، کاشہ، ہنگو اور اورکزئی ایجنسی کے سرحد پر واقع پہاڑی لاکے سر ، سرا گارا ، سیفل درہ میں قائم شدت پسندوں کی ٹھکانوں پر دو سال بعد جیٹ طیاروں نے بمباری کی اور دہشت گردوں کی ٹھکانوں بھاری توپ خانہ سے شیلنگ کی۔علاوہ ازیں کرم ایجنسی میں گیدو چیک پوسٹ کے قریب فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں تین افراد زخمی بھی ہوئے۔
شمالی وزیرستان: ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ‘ 2 اہلکار شہید: اورکزئی ایجنسی‘ بمباری‘ 8 دہشت گرد ہلاک
Apr 14, 2015