این اے 246، ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرائینگے، رینجرز: سراج الحق کی جہانگیر ترین سے ملاقات

کراچی (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیدئیے گئے۔ الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے کے مطابق این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوںگے۔ انتخابی عمل کی خلاف ورزی پر ریٹرننگ افسران کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس اقدام سے انتخابی عمل میں دخل اندازی کا سدباب ہو سکے گا۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن نے این اے 246 میں انتخابات کے دوران رینجرز کی تعیناتی سے متعلق وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔ خط کے متن کے مطابق این اے 246 میں ہونے والے الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ علاوہ ازیں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سے گزشتہ روز این اے 246 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ضمنی انتخابات کے موقع پر ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے جماعت اسلامی کے امیدوار راشدنسیم ، ایم کیو ایم کے امیدوار کنورنوید جمیل اور تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر علی زیدی نے ڈی جی رینجرز میجر بلال اکبر سے ملاقات کی ہے۔ ڈی جی رینجرز کے ساتھ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ امیدوار اور سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق کی پاسداری پر عمل کریںگے۔ مزید برآں حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات کے دوران رینجرز ہر قیمت پر ضابطہ اخلاق پر عمل کروائے گی اس بات کا فیصلہ پیر کو سچل رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے کو آرڈی نیشن اجلاس میں کیا گیا۔ اس موقع پر رینجرز نے انتخابات کے لئے اپنا سکیورٹی پلان پیش کیا۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لیاقت بلوچ کے ہمراہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں سراج الحق نے کہا کہ تحریک انصاف کو این اے 248 میں ہمارے امیدوار کی حمایت کرنی چاہئے۔ جماعت اسلامی کئی برسوں سے این اے 248 کے انتخاب میں حصہ لیتی آ رہی ہے۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ تجاویز کے حوالے سے عمران خان سے مشاورت کریں گے، کوشش کریں گے کہ عمران اسماعیل کو متفقہ امیدوار کے طور پر سامنے لائیں۔ ادھر جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ این اے 246 سے پی ٹی آئی مقابلے کی دوڑ میں شامل نہیں۔ پی ٹی آئی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا امیدوار دستبردار کرے۔ تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 246 میں جماعت اسلامی کے 27 کارکنوں کو شہید کیا گیا۔ اتحادی جماعت کی قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے امیدوار کو دستبردار کرائے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور این اے 246 کے نامزد امیدوار عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اندھیروں اور خوف کا دور ختم ہونے والا ہ اور شہر کراچی میں 23 اپریل کو انصاف کا سورج طلوع ہو گا۔ عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ سکیورٹی ادارے ووٹر کو تحفظ فراہم کریں تاکہ الیکشن کے دن شہری بلا خوف و خطر اپنے حق راہ دہی کا استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...