کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کے دوران القاعدہ کے 2 کمانڈرز سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فائرنگ کے مختلف واقعات میں کے ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب کے مطابق کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے اورنگی ٹاون کے علاقے خیرآباد میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا جس پر وہاں چھپے ہوئے ملزمان نے فائرنگ کردی اور بموں سے حملہ کر دیا جس سے ایک بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچا۔ جس کے بعد سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ راجہ عمرخطاب کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ سے ہے جن میں القاعدہ کے دو کمانڈر بھی شامل ہیں ملزمان نے علاقے میں بارود کی فیکٹری بھی قائم کی ہوئی تھی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں القاعدہ …… کا امیر نور الحسن عرف ہاشم، کمانڈر ابراہیم عرف اویس اور عثمان عرف عرفان اور دو نامعلوم خود کش حملہ آور شامل تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد گزشتہ مہینے نارتھ ناظم آباد میں رینجرز پر ہونے والے خود کش حملے میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، دستاویزات اور قلندریہ چوک پر رینجرز کی گاڑی پر خودکش حملہ کرنیوالے دینی مدرسے کے طالب علم عارف عرف وہاج کی حملے سے قبل کی فوٹیج مل گئی۔ اسکے علاوہ تین خود کش جیکٹس، پریشر ککر بم اور بھاری مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ راجہ عمر خطاب نے کہاکہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور عابد حسین جاں بحق ہو گیا۔ مقتول رحمی یار خان کا رہائشی تھا۔ لانڈھی کے علاقے بھینس کالونی میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے 17 سالہ ندیم جاں بحق ہو گیا۔ کورنگی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں نے کورنگی ڈھائی نمبر بنگالی پاڑہ میں ایک ہوٹل پر گولیاں برسا دیں۔ جاں بحق ہونیوالوں میں مذہبی جماعت کا رہنما دلاور، نور اسلام اور دین محمد شامل ہیں۔ دوسری طرف رینجرز نے 2008ء میں سٹی کوٹ کے قریب طاہر پلازہ میں کیمیکل چھڑک کر آگ لگانیوالے 3ملزموں محمد علی قریشی عرف درندہ، سابق یو سی ناظم نعیم اور شمس کو حراست میں لے لیا اس سانحہ میں ایک وکیل آفتاب عباس 2 خواتین سمیت 6افراد زندہ جل گئے تھے۔ دریں اثناء عزیز آباد نمبر 2میں موٹر سائیکل سواروں نے ایک کار پر فائرنگ کر دی جس سے کار میں سوار کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اشرف جاں بحق اور انکی کمسن بیٹی زخمی ہو گئی۔ ادھر نیو کراچی کے علاقے سے پولیس نے ٹارگٹ کلر فضل الرحمن عرف فضلو کو مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا جو ایک تھانیدار اور نیوی اہلکار کے قتل میں ملوث ہے۔
کراچی: مقابلہ‘ القاعدہ ایشیا کا امیر‘ 4 ساتھی ہلاک‘ فائرنگ کے واقعات‘ سرکاری افسر سمیت 6 افراد جاں بحق
Apr 14, 2015