لاہور (نامہ نگار + خصوصی رپورٹر) باغبانپورہ کے علاقے سکھ نہر کے قریب سرکاری جگہ پر قبضہ کے تنازع پر ملزم کی فائرنگ سے لیسکو کا 60سالہ پمپ آپریٹر جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار شفیق اور لیسکوکا مالی فیاض زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے سکھ نہر کے قریب واقع لیسکو شعبہ سول ورکس کی جگہ پر قبضہ کے تنازع پر ملزم ملک آصف عرف ملک اچھی نے فائرنگ کی۔ اطلاع پر پولیس پہنچی تو ملزم نے ان پر بھی فائرنگ کی جس سے پولیس اہلکار شفیق ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا تو پولیس کی بھاری نفری موقع پر طلب کرلی گئی۔ پولیس نے جگہ کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے لیا جبکہ ملزم نے خود کو ایک کمرے میں بند کرلیا اور وہ وقفے وقفے سے فائرنگ کرتا رہا دو گھنٹے کی مزاحمت کے بعد ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کی طرف سے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد مشتعل مظاہرین ملزم کے ڈیرے پر پہنچ گئے اور اس کے مین گیٹ کو توڑ کر فرنیچر اور دیگر سامان کو آگ لگادی، مظاہرین ملزم کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ پولیس نے مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔ ایس پی کینٹ ندیم کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا زمین پر قبضے کے حوالے سے لیسکو کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی تاہم ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ باغبانپورہ پولیس کے مطابق واقعہ کے دو مقدمات قتل، اقدام قتل، دہشت گردی سمیت دیگر سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں ، ایک مقدمہ مقتول منشا کے ورثا جبکہ دوسرا پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقتول منشا دو بچوں کا باپ تھا اور کچھ ماہ کے بعد ہی وہ ریٹائر ہونے والا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے ملزم کو مبینہ پولیس مقابلے میں پار کئے جانے کا امکان ہے۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے سکھ نہر کے قریب لیسکو آفس میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈ ی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کرنے والے ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ملزم کے زیر قبضہ اراضی کو فی الفور واگزار کرایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے لیسکو اہلکار کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔ آئی این پی + نوائے وقت نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیسکو کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عامر بشیر کا کہنا تھا لیسکو کی زمین پر قبضہ ہر صورت ختم کرایا جائے گا۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے لیسکو کے اہلکارکے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا اور لواحقین کے اہل خانہ کو 25لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ خواجہ آصف نے ہدایت کی لیسکو ملازم کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک پوری تنخواہ ادا کی جائے اور اہل خانہ ریٹائرمنٹ تک سرکاری رہائش گاہ استعمال کرسکیں گے۔
باغبانپورہ لیسکو آفس میں قبضہ مافیا کی فائرنگ‘ پمپ آپریٹر جاں بحق‘ 2 زخمی‘ مظاہرین نے ملزم کا ڈیرہ جلا دیا
Apr 14, 2015