فیصل آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ خصوصی رپورٹر ) لاہور سے کہروڑ پکا جانے والی مسافر بس کو ٹھیکریوالہ کے اڈہ سوہل کے قریب المناک حادثہ پیش آ گیا‘ تیز رفتاری کے دوران بس بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے ٹرالہ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ماں اور 2بچوں سمیت 20مسافر لقمہ اجل بن گئے جبکہ حادثہ کے دوران 16افراد شدید زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کےلئے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر 3زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب ایک بد قسمت مسافر بس جو کہ لاہور سے براستہ فیصل آباد کہروڑ پکا جا رہی تھی جونہی ٹھیکریوالہ کے علاقہ اڈہ سوہل کے قریب پہنچی تیز رفتاری کے دوران سامنے آنے والی گدھا ریڑھی کو بچاتے ہوئے بس سڑک سے اتر گئی اور سامنے سے آنے والے ٹرالہ کیساتھ خوفناک طریقہ سے ٹکرا گئی جبکہ حادثہ کے دوران مبینہ طور پر بس کا ڈرائیور چھلانگ لگا کر فرار ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو اہلکاروں نے 18زخمیوں کو طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کیا، حادثہ کے نتیجہ میں 17افراد موقع پر ہی زندگی کی بازی ہا ر گئے‘ جبکہ3افراد ہسپتال میں طبی امداد ملنے کے دوران جانبر نہ ہو سکے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تین زخمیوں کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں سمیعہ بی بی‘ منظوراں بی بی‘ آسیہ بی بی‘ عاشر‘ شہادت علی‘ اسود‘ کاشف علی‘ احمد رضا‘ عبدالرحمان‘ آمنہ اور سجاول کی شناخت ہوگئی ہے جن کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی گئی ہیں تاہم الائیڈ ہسپتال کے مردہ خانہ میں 3سالہ بچے سمیت 8زخمیوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔ عینی شاہدین کے مطابق بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم اس قدر شدید تھاکہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور حادثہ کا شکار ہونے والی بس اور ٹرالہ مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ حادثہ کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے بس کی باڈی کاٹ کر متعدد زخمیوں اور جاں بحق ہونےوالے افراد کی نعشوں کو بس سے نکالا حادثہ کے بعد الائیڈ ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی اور ڈاکٹرز‘ پیرا میڈیکل سٹاف کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے فیصل آباد کے قریب ہونے والے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے حادثے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ اے این این کے مطابق مظفرآباد میں ٹریفک کے المناک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ ایک رکشہ پیر چونگی کے مقام پر بریک فیل ہونے سے 200فٹ گہری کھائی میں جا گرا جس سے سجاد کاظمی اور ان کی بیٹی ملائکہ بی بی، بیٹا فہد علی جاں بحق جبکہ تیسرا بیٹا جنید شدید زخمی ہو گیا۔ نعشیں آبائی گھر گوجرہ پہنچنے پر علاقہ میں صفِ ماتم بچھ گئی۔
19 جاں بحق