پانامہ میں موساک فونسیکا کے دفتر پر پولیس کا چھاپہ، دستاویزات کی چھان بین حکام سے تعاون کرتے رہیں گے: کمپنی

پانامہ سٹی (آئی این پی) پانامہ میں پولیس نے موساک فونسیکا کمپنی کے اہم دفاتر پر چھاپے مارے ہیں جس سے حال ہی میں بڑے پیمانے پر دستاویزات اور ڈیٹا لیک ہوا تھا۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ چھاپے کی کارروائی پانامہ شہر میں واقع موساک فونسیکا کے دفتر پر کی گئی جس کے دوران نہ تو کوئی حادثہ پیش آیا نہ ہی اس میں کوئی مداخلت ہوئی۔ لیک ہونے والے پیپرز سے پتہ چلتا ہے کہ کیسے امیر لوگ ٹیکس اور جرمانے سے بچنے کے لیے بیرونی ممالک میں اپنی نئی کمپنیاں کھولتے ہیں۔ موساک فونسیکا غیر قانونی یا غلط کام کرنے کی تردید کرتی ہے۔ اس کا کہنا ہے کمپنی ہیکنگ کا شکار ہوئی، اس سے حاصل شدہ معلومات کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے چھاپے کی جو کارروائی کی اس میں کرائم یونٹ کے ارکان بھی شامل تھے۔ دفتر کے باہر پولیس نے پہلے باڑ لگائی اور پھر سینئر افسران نے دفتر کے اندر داخل ہوکر دستاویزات کی چھان بین کی۔ سرکاری وکیل کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا اس کا مقصد ان دستاویزات کو حاصل کرنا تھا جن کے متعلق میڈیا میں بہت سی معلومات شائع کی گئیں اور جس سے پتہ چلتا ہے کمپنی غیر قانونی کاموں میں ملوث ہوئی ہے۔کمپنی کے ذیلی دفاتر میں بھی چھاپے کی کارروائی کی جائے گی۔ کمپنی نے اس چھاپے کی کارروائی سے متعلق اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہمارے دفتر میں جو تفتیشی کارروائی کی جا رہی ہے اس میں ہماری کمپنی حکام کے ساتھ تعاون کرنا جاری رکھے گی۔ پانامہ کے صدر جوان کارلوس ویرلاز نے وعدہ کیا ہے کہ وہ آف شور مالی کمپنیوں میں زیادہ شفایت لانے کے لئے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
پانامہ/ چھاپہ

ای پیپر دی نیشن