اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملہ پر بریفنگ دی گئی اور کور کمانڈرز نے قرار دیا ریاست مخالف معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 201ویں کور کمانڈرز کانفرنس جمعرات کے روز جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ شرکاءنے قومی سلامتی کے ماحول اور خطہ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا۔ آپریشن رد الفساد اور خانہ و مردم شماری میں پیشرفت جیسے امور بھی زیرغور آئے۔ آرمی چیف نے انٹیلی جنس ایجنسیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ان کامیاب آپریشنوں پر تعریف کی۔ آئی این پی کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں کلبھوشن یادیو کا معاملہ بھی زیربحث آیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت شرکاءنے اس عزم کا اعادہ کیا اس طرح کی ریاست مخالف سرگرمیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک میں جاری آپریشن ردالفساد اور مردم شماری میں سکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس ایجنسیوں، قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔ اے این این کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں قومی سلامتی اور خطے کی تازہ ترین صورتحال سمیت آپریشن رد الفساد،خانہ ومردم شماری میں پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس