لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے 2017 کو انڈسٹری اور تعلیمی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے کا سال قرار دے دیا۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کیا جبکہ اس حوالے سے عمر سلیم کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس قدم کا مقصد صنعتی شعبے اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط بڑھانا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کی ضروریات سے آگاہ ہوسکیں، اس سے صنعتوں کی ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر تحقیقی سرگرمیوں اور کپیسٹی بلڈنگ پر خاص توجہ دے رہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ صنعتوں اور تعلیمی شعبے کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کے لیے ورکشاپس، کانفرنس اور سیمینار کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے ، اس کے باوجود یہ معاشی ترقی کی دوڑ میں کافی پیچھے ہے۔