پانامہ فیصلہ ملک کا مقدر اور مستقبل بدلے گا خیبر پی کے احتساب کمشن حکومتی مداخلت سے آزاد ، ڈی جی کا تقررچیف جسٹس ہائیکورٹ کرینگے

مری +اسلام آباد (آن لائن) عمران خان نے نتھیاگلی میں دوستوں کے ساتھ چہل قدمی کی، مقامی لوگ کپتان کو درمیان پا کر انتہائی پرجوش ہوگئے، کپتان سے خوب گپ شپ لگائی سیاسی حالات پر دل کھول کر تبصرے کئے۔ عمران لوگوں میں گھل مل گئے اور عوام میں بڑھتے ہوئے سیاسی شعور پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا، عمران خان نے کہا کہ پانامہ کے فیصلے کو لیکر پوری قوم بیتاب ہے، مجھے یقین ہے کہ پانامہ کا فیصلہ پاکستان کا مقدر اور مستقبل دونوں بدلے گا، پانامہ کے فیصلے کے بعد صحیح معنوں میں سلطانی جمہور کا آغاز ہوگا۔ حکمران احتساب کے خوف سے آزاد ہو جائیں تو ظلم و استحصال کا دروازہ کھلتا ہے، پاکستان کو پیچھے کی جانب نہیں نئی منزلوں سے آشنا کروانے کا وقت ہے، تحریک انصاف اپنے عوام کیساتھ ملکر پاکستان کا روشن مستقبل تعمیر کرے گی، پانامہ کیس نے ملک میں احتساب کی روایت ڈال دی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ عدالت عظمیٰ سے آئین و قانون کے مطابق انصاف پر مبنی فیصلہ آئے گا جس کے نتیجے میں کرپٹ اور لٹیرے حکمرانوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ دوسری جانب عمران خان نے خیبر پی کے احتساب کمشن کو ہائیکورٹ کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ٹوئٹر پر پیغام میں خیبر پی کے حکومت کو مسودہ تیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی احتساب کمشن کی تقرری چیف جسٹس کریں گے اور احتساب کمشن براہ راست چیف جسٹس کو جوابدہ ہوگا۔ احتساب کمشن کو حکومتی مداخلت سے آزادکردیا ہے۔ مسودہ قانون منظوری کیلئے اسمبلی میں پیش کریں گے۔ نیب کے موجودہ سربراہ احتساب کرنے میں مکمل ناکام ہوگئے اور اسی ناکامی کیلئے انہیں عہدہ دیا گیا۔ موجودہ نیب کے سربراہ کو2 پارٹیوں کے کرپٹ لیڈرز نے ساز باز کرکے عہدے کیلئے منتخب کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن