مودی کی پالیسیوں کے باعث کشمیر ہمارے ہاتھوں سے نکل رہا ہے: چدم برم

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ کے بعد بھارت کے سابق بھارتی وزیر داخلہ پی کے چدم برم بھی مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کے مظالم پر پھٹ پڑے۔بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رکن پی کے چدم برم نے نئی دلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے میری پوزیشن بالکل واضح ہے کہ ہم کشمیر کو کھو رہے ہیں مودی کی پالیسیوں کے باعث کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔بھارت کی موجودہ حکومت اور مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے کشمیر کے معاملے پر انتہائی خطرناک راستہ اپنا لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا جو راستہ بھارتی اور ریاستی حکومت نے اپنا رکھا ہے اس سے وادی میں امن نہیں آ سکتا اور نہ ہی عوام کی ہمدردیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔سابق وزیر کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں ضمنی الیکشن کے دوران تاریخ کا سب سے کم ٹرن آوٹ اس بات کا اشارہ ہے کہ مودی سرکار کو آگے چل کر وادی میں مزید مشکل وقت دیکھنا پڑے گا۔ حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایک معتدل پالیسی اپنانی چاہیئے تھی۔کانگریس رہنما نے مودی حکومت اور مقبوضہ وادی کی کٹھ پتلی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا دونوں حکومتوں کو اپنی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کے مطابق تمام سٹیک ہولڈزر کے ساتھ بات چیت کریں۔ عوام کے خلاف فوج اور پولیس کا استعمال نہ کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن