کراچی(کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی کے صدرغضنفر بلور نے کہا ہے کہ انکی قیادت میں 52 رکنی وفد16اپریل سے دولت مشترکہ کے فورم میں شرکت کیلئے روانہ ہوگا، پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں جنہیں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔اس سلسلہ میں حکومت اور نجی شعبہ اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے یہ بات ڈپٹی برٹش ہائی کمشنر رچرڈ کروڈرسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔پاکستانی وفدبرطانیہ میں16 سے 19 اپریل کے دوران منعقد ہونے والے کامن ویلتھ بزنس فورم سے پاکستان اور برطانیہ سمیت دولت مشترکہ کے 53 ممالک تجارت بڑھانے اور مشکلات پر تبادلہ خیال کریں گے جس سے ان میں قربت بڑھے گی، یہ فورم 2.6 ارب افراد کی نمائندگی کرتا ہے اور اس کے ممبران کا مجموعی جی ڈی پی 12 کھرب ڈالر سے زیادہ ہے۔ اس موقع پربرطانوی ہائی کمیشن کے سفارتی افسران بشمول میتھیو لسٹر، ڈاکتر ایوان میک ملن، جیسن جان ممتاز، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر کریم عزیز ملک، ملک سہیل حسین اور تنویر افسر ملک بھی موجود تھے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ تجارتی قوانین اور دیگر امور میں یکسانیت کی وجہ سے دولت مشترکہ کے ممالک کے باہمی تجارت کے اخراجات دیگر ممالک سے تجارت کے اخراجات سے 19 فیصد کم ہیں۔