کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے بلدیہ ٹاؤن اور سعید آباد سمیت شہر کے آخری سرے پر واقع علاقوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ فراہمی بہتر بنانے کیلئے دھابیجی اور این ای کے پمپنگ اسٹیشنوں کے متبادل ( اسٹینڈبائی ) پمپس چلانے کی ہدایت کردی ہے شہر کے دوردراز علاقوں میں بھی دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے مزیدخصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں،جبکہ حبیب بنک سے بلدیہ براستہ غنی چورنگی پانی کی نئی لائن ڈالنے کے سلسلے میں کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہاہے کہ واٹر بورڈ بے پناہ مسائل اور محدود وسائل کے باجود تمام شہریوں کو پانی کی مساویانہ فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں یہ بات انہوںنے واٹربورڈ کے اعلیٰ افسران اور بلدیہ ٹاؤن سعید آباد و دیگر علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں کے وفود کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسزغلام عباس قادر ، سپرنٹنڈنگ انجینئر ڈبلیو ٹی ایم ظفر پلیجو ، سپرنٹنڈنگ انجینئر جی ایم حب ،سپرنٹنڈنگ انجینئر دھابیجی انتخاب راجپوت اور دیگر بھی موجود تھے۔دریں اثنائواٹربورڈ اور پولیس کی شہر میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور پانی چوروںکیخلاف تابڑتوڑ کارروائیاں جاری ہیں ، 3 ہائیڈرنٹس مسمار کرکے 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، پانی سے بھرے 4 ٹینکرز اور پانی کی چوری میں استعمال ہونے والے جنریٹر ، پمپس اور دیگر مشینری قبضہ میں لے لی گئی ہے۔
پانی فراہمی