نیب آرڈیننس کی قانونی حیثیت کے بارے میں درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا وفاق، اٹارنی جنرل کو نوٹس

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے نیب آرڈیننس کی قانونی حیثیت کے بارے میں دائردرخواست پر وفاقی حکومت اور اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزارپاکستان لائیرز فائونڈیشن کے وکیل اے کے ڈوگر نے مؤقف اختیار کیا کہ پرویزمشرف نے صدراتی آرڈیننس کے تحت احتساب کے لیے نیب کا ادارہ قائم کیا،اور آئین کو معطل کرکے پی سی او کے تحت نظام حکومت چلایا، اٹھارہویں آئینی ترمیم کے ذریعے مشرف کے اقدامات کو آئینی حیثیت دی گئی۔ پرویز مشرف دور میں جاری کیا گیا نیب آرڈیننس غیر موثر ہو چکا ہے، غیر موثر آرڈیننس کے باوجود نیب پورے ملک اور صوبہ پنجاب میں ہزاروں لوگوں کو ہراساں کر رہا ہے، عدالت نیب کی جانب سے جاری کیسوں اور انکوائری پر حکم امتناعی جاری کرے، نیب آڑدیننس 1999 کو آئینی حیثیت نہ ہونے کی بنا پر کالعدم قرار دے، جس پر عدالت نے نیب آرڈیننس کی قانونی حیثیت کے بارے میں درخواست پر وفاقی حکومت اور اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

ای پیپر دی نیشن