نواز شریف کشمیریوں سے بے وفائی، مودی سے دوستی کے باعث نااہل ہوئے: حافظ سعید

Apr 14, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت کیخلاف ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا اور کشمیری شہداء کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے چوبرجی چوک میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ قبل ازیں نماز جمعہ کے بعد حافظ سعید نے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی پڑھائی۔ اسی طرح گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، کوئٹہ پشاور، میر پور، کوٹلی ، مظفر آباد اور دیگر علاقوں میں بھی کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ چوبرجی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کے دوران انڈیا کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے قندوز میں معصوم حفاظ پر بمباری اورجموں میں معصوم بچی سے درندگی اور قتل کی بھی مذمت کی گئی۔ مظاہرہ سے حافظ سعید، ابوالہاشم ربانی، عقیل چوہدری ایڈووکیٹ، مولانا ادریس فاروقی،حافظ عثمان شفیق، حافظ حبیب الرحمن و دیگر نے خطاب کیا۔ حافظ سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کشمیریوں کے خون سے بے وفائی اور مودی سے دوستی کی وجہ سے نااہل ہوئے۔ جو پارٹی یا شخصیت مظلوم کشمیریوں سے بے وفائی کرے گی اسی طرح نااہل ہو گی۔ جدوجہد آزادی کشمیر پاکستان کے بچائو اور اس کی تکمیل کی تحریک ہے۔ کشمیریوں کی مدد و حمایت کیلئے ملک گیر سطح پر بھرپور تحریک منظم کریں گے اور حکمرانوں پر دبائو بڑھانے کیلئے وسیع تر اتحاد قائم کیا جائے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نااہل نواز شریف کے انجام سے سبق سیکھیں اور مظلوم کشمیریوں کی مددکا فریضہ سرانجام دیں۔ حکمران اگر خواب غفلت میں رہیں گے تو صرف کشمیر ہی نہیں پاکستان کا بھی نقصان کریں گے۔ شوپیاں اور اسلام آباد (اننت ناگ) کے بعد اب کولگام میں نہتے کشمیریوں کا خون بہایا گیا ہے۔ انڈیا بدترین ظلم و بربریت کا ارتکاب کر رہا ہے لیکن کشمیری بچے بھی برستی گولیوں میں پتھر اٹھائے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ مودی دنیا کا بڑا دہشت گرد بھارتی فوج کے ذریعہ تحریک آزادی کچلنا چاہتا ہے۔ تحریک آزادی دن بدن پروان چڑھ رہی ہے۔ مودی سے دوستی کرنے والوں کو پاکستان میں سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ قندوز میں معصوم حفاظ پر ہونے والا ظلم برداشت نہیں۔ فلسطین، افغانستان، شام، میانمار برما اور دیگر علاقوں میں نہتے مسلمانوں کی قتل و غارت گری کی جارہی ہے۔ مقبوضہ جموں میں سات سالہ معصوم بچی کے ساتھ درندگی اور قتل پر بین الاقوامی دنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ ابوالہاشم ربانی، عقیل چوہدری ایڈووکیٹ، مولانا ادریس فاروقی،حافظ عثمان شفیق، حافظ حبیب الرحمن و دیگر نے کشمیری مسلمان الحاق پاکستان کے نعرے بلند کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ان کی مددکرنا ہم سب پر فرض ہے۔ اسلام آباد میں حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد قبا آئی ایٹ میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔ تحریک حرمت رسولؐ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ نے جامع مسجد ماموں کانجن میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا اور کشمیریوں پر جاری ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی۔

مزیدخبریں