لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ڈویلپمنٹ لیگ لاہور سے گوجرہ منتقل کردی ہے۔پی ایچ ایف ڈیویلپمنٹ ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے ملک بھر سے ہاکی کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے لیے گوجرہ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لیگ سترہ سے اکیس اپریل تک کھیلی جائے گی۔ لیگ کے لییدو سو سے زائد قومی ہاکی کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کے دو روزہ ٹرائلز پندرہ اپریل سے شروع ہوں گے۔ٹرائلز کے بعد لیگ کے لیے پانچ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ کھلاڑیوں کا انتخاب پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔کمیٹی میں شفقت ملک ،عرفان محمود ،محمد خالد ،محمد عرفان اور بدر عبداللہ شامل ہیں۔سابق انٹرنیشنل کھلاڑی عرفان سنیئر کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی منتخب کردہ ٹیم ازبکستان کے خلاف میچز کھیلے گی۔ ازبکستان کی ہاکی ٹیم نے رواں ماہ بیس اپریل کو پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔