وزیراعظم نیک نیتی سے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں: پرویز الٰہی

Apr 14, 2019

لاہور (صباح نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نیک نیتی سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ گورنر ہائوس میں ہانگ کانگ چیمبر آف کامرس اور بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے اور مؤثر پالیسیاں بنانے سے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہانگ کانگ کے وفد میں عبدالقادر میمن قونصل جنرل پاکستان، چودھری گلزار محمد چیئرمین پاکستان چیمبر آف کامرس ہانگ کانگ، بہزاد مرزا، لائو یٹ ینگ ایلن، ٹینگ کم ٹن، سبینا وونگ، لارنس ینگ، ونی ینگ، ہو یوک بنگ باربرا، رچرڈ چینگ ٹنگ، چن پاک نن، سینڈی چینگ، ایم ایم خان، یو سائو منگ ہومر، جویلین چن، چین وائی میائو، رائے محمد ریاض، غلام مصطفی، سید عامر مسعود بخاری، ایلس لِن، محمد عرفان، ڈاکٹر خالد رحمن اور علی اعوان شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ضروری ہے اور وزیراعظم عمران خان کی حکومت اپنے اس ویژن کے تحت سرمایہ کاروں کو تمام ممکن سہولتیں اور مراعات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مکمل تحفظ حاصل ہو گا کیونکہ سرمایہ کاری میں اضافہ کے بغیر پاکستان میں تبدیلی کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر سرمایہ کاری کو اہمیت دے رہی ہے۔

مزیدخبریں