اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ علیم خان پر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا کوئی الزام نہیں۔ انہیں ضمانت دی جانی چاہئے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں کہا اربوں روپے کھانے والوں کو آسانی سے ضمانت مل سکتی ہے تو ایک کاروباری آدمی کو کیوں نہیں؟ عام تاثر ہے کہ علیم خان کو اپوزیشن کے شور کی وجہ سے ناکردہ جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔ علیم خان کا مقدمہ کم سنگین ہے۔ دوسری جانب نیب نے وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان کا نوٹس لے لیا۔ اعلامیے کے مطابق فواد چودھری کے علیم خان کے مقدمے سے متعلق بیان کا نوٹس لیا گیا ہے۔ فواد چودھری کے نیب سے متعلق ماضی اور حالیہ بیانات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جائزہ لیا جائے گا کہ وزیر اطلاعات کے بیانات نیب کے معاملات میں مداخلت کی کوشش تو نہیں‘ وفاقی وزیر کے بیانات انکوائریز اور تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی کوشش تو نہیں۔ بیانات مروجہ قوانین کی خلاف ورزی ہوئے تو کارروائی کر سکتے ہیں۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت‘ گروہ یا فرد سے نہیں ہے‘ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ نیب لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لئے کام کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ کھیوڑہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 برس میں پاکستان پر ڈاکو مسلط رہے ہیں‘ ان کے خلاف کچھ ہو تو فوراً جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے لیکن نہ جمہوریت خطرے میں ہے نہ اسلام کو کوئی خطرہ ہے۔ پیپلز پارٹی جو کبھی ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی پارٹی تھی وہ آج اندرون سندھ کی ایک چھوٹی سی جماعت بن گئی ہے۔ اس پارٹی کا بھی یہ حال ہے کہ بلاول بھٹو جب کاروان بھٹو چلاتے ہیں تو اپنے والد کی تصویر نہیں لگاتے جبکہ زرداری کا بھی یہ حال ہے کہ وہ روزانہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سالگرہ اور برسی مناتے ہیں تو وہ کبھی مرحوم حاکم زرداری کی بھی برسی منا لیا کریں، وہ ان کے والد تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 1988ء کے بعد پاکستان کی اسمبلی کی ان سے جان چھوٹی ہے‘ جس پر ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں‘ ان سے برداشت نہیں ہو رہا کہ میں کیسے باہر ہو گیا۔ اپوزیشن کا جو حال ہے اور جو باتیں سامنے آ رہی ہیں‘ اس سے اندازہ لگا لیں کہ 10 برس میں کتنے ’مجرم اور ڈاکو‘ ہمارے اوپر مسلط رہے ہیں اور پیسہ بنایا گیا‘ انتہائی مؤثر طریقے سے شدت پسند تنظیموں پر قابو پایا ہے‘ جہاں طاقت کی ضرورت تھی وہاں اس کا استعمال کیا‘ جہاں گفتگو کی ضرورت تھی اس جگہ مسائل کو گفتگو سے حل کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراطلاعات فواد چوہدری نے تصدیق کردی ہے کہ ان گنت خدمات کے باوجود عمران خان نے حکومت اور اپوزیشن میں بیلنس کرنے کیلئے علیم خان کو کالے قانون کی نذر کر دیا۔ اپنے بیان کے ذریعے وہ عدالتوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نیب ترجمان فواد چوہدری نے اپوزیشن کی طرح نیب کی غیر جانبداری پہ ہی سوال اٹھا دئیے ہیں۔ نیب ترجمان فواد چوہدری نے بالآخر تسلیم کرلیا کہ نیب آزادانہ کام نہیں کررہا۔ ہماری بات سچ نکلی، حکومت خود کہہ رہی ہے کہ نیب اپوزیشن اور حکومت میں بیلنس کررہا ہے۔ فواد چوہدری آپ کے بقول’’سارا پاکستان چور ہے‘‘ مگر یہ بتائیں کہ صرف 9 مہینوں میں ملک کی ترقی کی شرح آدھی کیسے ہو گئی ؟سارا پاکستان چور ہے" لیکن پشاور میٹرو کے ایک کھرب کے کھڈوں کی کرپشن کا ذمہ دار کون ہے؟
اربوں روپے کھانے والے کو ضمانت مل سکتی ہے تو علیم خان کو کیوں نہیں: فواد چودھری
Apr 14, 2019