لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کا کہنا ہے کہ عالمی کپ سے پہلے برطانیہ میں میچز کھلاڑیوں کی فٹنس کا اصل امتحان ہے۔ متحدہ عرب امارات میں بھی کچھ پلیئرز کو آرام کروایا گیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پلیئرز کس فٹنس کے ساتھ انگلینڈ میں کھیلتے ہیں اگر وہ تازہ دم رہے تو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے بالخصوص باؤلرز نے اگر وکٹیں لینا شروع کر دیں تو فائدہ مند ہو گا۔ محمد عامر کی مسلسل ناکامی میں فٹنس مسائل کا بڑا حصہ ہے۔ کپتان سرفراز احمد پر بھی دباؤ ہو گا، یہ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ دباو سے آزاد ہو کر کھیلیں گے۔ علی عالمی کپ ٹیم میں ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ہر امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے، اسے جہاں کھلایا گیا اس نے رنز کیے ہیں اس سے زیادہ وہ کیا کر سکتا ہے۔قومی ٹیم عالمی کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتی ہے۔ فاسٹ باؤلنگ ہمارا اہم شعبہ ہے۔ سپن باؤلنگ میں بھی ہمارے پاس اچھی آپشنز موجود ہیں۔ انگلینڈ میں پاکستان اچھی کرکٹ کھیلتا ہے بالخصوص انیس سو ننانوے کے عالمی کپ میں پاکستان نے وہاں کا ماحول ہی بدل دیا تھا۔ سلیکشن کمیٹی کے لیے ٹیم کا انتخاب کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے البتہ عالمی کپ کے لیے ڈیڈ لائن کو سامنے رکھنا ہوتا ہے، کھلاڑیوں کی فٹنس کو دیکھ کر سلیکٹ کرنا اہم ہے۔ کچھ پلیئرز کو فٹنس مسائل کی سامنا بھی رہا ہے۔ پاکستان عالمی کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتا ہے۔ فاسٹ باؤلر محمد عامر کریز پر اٹیک نہیں کر رہے، اس ایریا میں انکی وہ ایفرٹ نظر نہیں آتی جو ہونی چاہیے، پھر انکی ناکامی کا سلسلہ طویل ہوا ہے اس سے اعتماد بھی خراب ہوتا ہے۔ ڈومیسٹک سٹرکچر میں تبدیلی وزیراعظم پاکستان عمران خان کی پرانی خواہش ہے وہ چالیس سال قبل بھی یہی بات کہا کرتے تھے۔ ہم ایک ساتھ پاکستان میں ایک ہی ٹیم کی طرف سے پینٹنگولر ٹورنامنٹ کھیلے تھے اسمیں بہت کوالٹی کی کرکٹ ہوئی تھی۔ عمران خان آج بھی اس معیار کو یاد کرتے ہیں اور وہ اسی طرح کے مقابلوں کے خواہشمند ہیں۔آل رائونڈر محمد نواز گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں حاضر ہوئے اور فٹنس ٹیسٹ دیاجس میں وہ کامیاب رہے ۔ ان کا ٹیسٹ ان کی ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر لیا گیا تھا ۔ پاکستان کرکٹ کپ میںشریک کھلاڑی بھی کل سے باقاعدہ فٹنس ٹیسٹ کیلئے رپورٹ کرینگے اور ٹیسٹ کا آغاز ہو جائے گا۔ 18اپریل کو قومی ٹیم کا اعلان ہوگا اور تربیتی کیمپ دو روز تک جاری رہے گا۔
محمد نواز فٹنس ٹیسٹ میں کامیاب‘ کھلاڑیوں کا اصل امتحان برطانیہ میں ہو گا: مدثر نذر
Apr 14, 2019