درخت لگانا ہماری دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے،مرادسعید

اسلام آباد(خبر نگار) وفاقی وزیرمواصلات وپوسٹل ثسروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ وطن پاک میں صاف وشفاف اور سرسبز وشاداب پاکستان مہم تیزی سے جاری ہے،جو وزیراعظم پاکستان کے وژن کی آئینہ دار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آ باد۔مری دوہری شاہراہ (IMDC) پر اپنے دست مبارک سے پودا لگانے کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز نے اسلام آ باد سمیت پنجاب کی مختلف فنی تعلیم دینے والی درسگاہوں کے طلباء و طالبات کے مُوقلم سے تیار ہونے والے اُن شاہکاروں کو دیکھا جو اُنہو ں نے مذکورہ شاہراہ سے متصل حفاظتی دیوار پر بناکرناظرین سے داد تحسین وصول کی۔وفاقی وزیر نے دیوار پر تصاویر بنانے میں مصروف طلباء وطالبات کی اس حسین کاوش پر انہیں خوب داد دی۔ہمارے باکمال مصور طلباء نے قومی ثقافت کے خوبصورت رنگوں کو بکھیرنے کے ساتھ ساتھ قومی مشاہیر کی تصاویر کو اپنے تصوراتی عکس میں اتار کر ناظرین کے دل جیت لئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے میڈیا سے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ درخت زیادہ سے زیادہ لگانا ہماری دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر این ایچ اے کے چیئرمین جواد رفیق ملک نے بھی پودا لگایا۔ چیئرمین این ایچ اے جواد رفیق ملک نے وفاقی وزمواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

ای پیپر دی نیشن