کراچی سے راولپنڈی آنیوالی مسافر ٹرین بہائوالدین زکریا ایکسپریس کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنادی گئی ،ٹرینیں روک لی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق جنگ شاہی ریلوے اسٹیشن سے تین کلو میٹر دور ٹریک پر نصب بم برآمد کرلیا گیا جس کے بعد کراچی سے اندورن ملک جانے والی اور لاہور اور راولپنڈی سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک لیا گیا۔ذرائع کے مطابق تخریب کاری کے اس واقعے میں نامعلوم دہشت گردوں نے کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کو نشانہ بنانے کے لیے دھابیجی اور جنگ شاہی کے درمیان ٹریک پر ریمورٹ کنٹرول بم نصب کیا۔ایس ایس پی کے مطابق ٹھٹھہ میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نہ ہونے کی وجہ سے حیدرآباد سے بی ڈی ایس کے اہلکاروں کو طلب کرلیا گیا جنہوں نے بم کو ناکارہ بنا دیا ، سرچنگ کے بعد ٹریک کلیئر کر دیاگیا اور ٹرینوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا ۔