لاہور(سپورٹس رپورٹر) کرکٹر عمر اکمل کی معطلی کا معاملہ پی سی بی ڈسپلنری پینل آئندہ ہفتے اپنی کارروائی کا آغاز کرے گا ،ضرورت محسوس ہونے پر عمر اکمل کو طلب کیا جاسکتاہے اس ضمن میں بورڈ نے تمام دستاویزات ڈسپلنری پینل کو بھجوادیں۔ کرکٹر عمر اکمل معطلی کا معاملہ پر پی سی بی ڈسپلنری پینل آئندہ ہفتے معاملات کا جائزہ لے گا، ڈسپلنری پینل پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے شواہد کا مرحلہ وار جائزہ اور پی سی بی کے نوٹس آف چارج کا بھی جائزہ لے گا‘ذرائع کا کہنا ہے کہ پینل عمراکمل کے جواب کا بھی جائزہ لے گا اور ضرورت محسوس ہونے پر ڈسپلنری پینل عمر اکمل کو طلب کرسکتاہے، پینل دو سے تین ہفتے میں بلے باز کے کیس کا فیصلہ کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کا معاملہ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین کے سپرد کردیا ہے، ڈسپلنری پینل کے چیئرمین لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان ہیں۔